دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے: نواز شریف

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے کیونکہ یہ ہماری آئندہ نسلوں کی بقا کا سوال ہے۔
جمعرات کو کوئٹہ میں بلوچستان انسدادِ دہشت گردی فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی حفاظت اور امن وامان کا قیام حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت نے انسدادِ دہشت گردی فورس کے قیام کا فیصلہ کیا اس سلسلے میں پنجاب کے بعد بلوچستان میں نوجوانوں کا دستہ تیار کیا گیا ہے جنھیں خصوصی انٹیلیجنس آپریشنز اور تحقیقات کے لیے جدید تربیت دی جا رہی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور تمام ادارے متحد ہیں اور ہمیں ہمت، صبر، برداشت اور حوصلہ مندی سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔
’دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے یہ ہماری معاشی اور معاشرتی زندگی کا مسئلہ ہے، یہ ہماری آئندہ نسلوں کی بقا کا سوال ہے۔‘
انھوں نے پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں سے کہا کہ ان کی موجودگی شہریوں کے لیے احساسِ تحفظ بننی چاہیے اور کوئی مجرم اور دہشت گرد ان کے ہاتھوں سے بچنا نہیں چاہیے۔
انھوں نے بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی فورس کی تربیت میں پاکستانی فوج، ایس ایس جی گروپ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے تک چین سے نہیں بیھٹیں گے۔ اپنے خطاب کے اختتام میں انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انسدادِ دہشت گردی فورس کی بدولت بلوچستان سمیت ملک کے دیگر صوبوں سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم اور آرمی چیف بدھ کو کوئٹہ پہنچے تھے جہاں انھوں نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے بنائے گئے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس میں شرکت کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس موقع پر وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
تاہم انھوں نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کو دوبارہ سرگرم ہونے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور سزائے موت کے جن قیدیوں کی رحم کی اپیلیں مسترد ہو چکی ہیں ان کی سزاؤں پر عمل درآمد کیا جائے۔







