افغان کیڈٹس کی تربیت کے لیے پاکستان آمد

- مصنف, طاہر خان
- عہدہ, بی بی سی پشتو
افغان نیشنل اکیڈمی کے چھ اہلکار پاکستان پہنچ گئے ہیں جو صوبہ خیبر پحتونخوا کے ایبٹ آباد میں واقع پاکستان ملٹری اکیڈمی میں تربیت حاصل کریں گے۔
افغان سفیر نے اسلام آباد پہنچنے والے فوجی جوانوں کا استقبال کیا۔
افغان سفیر جانان موسی زئی نے بی بی سی کو بتایا کہ افغان فوجیوں میں سے بہترین کیڈٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب افغانستان کے نوجوان پاکستان میں تربیت لیں گے۔
افغان کیڈٹس ایک ایسے وقت میں پاکستان آئے ہیں جب افغانستان کا ایک اعلٰی سطح کا فوجی وفد یہاں موجود ہے۔ اس وفد کی سربراہی افغان نیشنل اکیڈمی کی تربیت سے متعلق ادارے کے سربراہ میجر جنرل نعمت اللہ خوشی وال کر رہے ہیں۔
افغان سفیر کا کہنا ہے کہ کیڈٹس کی پاکستانی اکیڈمی سے تربیت دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی اور فوجی رابطوں اور تعاون میں مدد ملے گی ۔
انھوں نے پاکستان پہنچنے والے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ امور بڑھانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ آرمی چیف راحیل شریف اور ان سے پہلے کی پاکستان کی فوجی قیادت نے بھی افغان فوجیوں کی پاکستان میں تربیت کی پیش کیش کی تھی ۔ سابق صدر حامد کرزئی پاکستان کی جانب سے افغان فوج کی تربیت کے مخالف تھے۔ ان کا موقف تھا کہ ماضی میں افغان فوجیوں کی روس میں تربیت سے ان کے ذہن بدلے اور وہ ایک تلخ تجربہ تھا۔
حل ہی میں افغانستان کی سرحدی پولیس کے ایک اعلٰی سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سرحدی نگرانی مزید سخت کرنے اور آپریشنز کے دوران رابطہ بڑھانے پر زوردیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دونوں ممالک طور خم اور سپین بولدک کے سرحدی مقامات پر مشترکہ رابطہ مراکز بنانے پر بھی متفق ہوچکے ہیں۔







