باجوڑ جھڑپ میں تین اہلکار، سات شدت پسند ہلاک

باجوڑ ایجنسی میں کچھ عرصے سے شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنباجوڑ ایجنسی میں کچھ عرصے سے شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے
    • مصنف, سید انور شاہ
    • عہدہ, سوات

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں تین سکیورٹی اہلکار اور سات شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق جھڑپ میں سکیورٹی اہلکار نیک عمل شدید زخمی ہو گیا جنھیں خار کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

باجوڑ کنٹرول روم کے ایک اہلکار گل رحمان نے بتایا کہ یہ جھڑپ پاک افغان سرحد کے قریب تحصیل سالارزئی کے علاقے بانڈہ میں اس وقت ہوئی جب وہاں سرچ آپریشن کیا جا رہا تھا۔

ان کے مطابق اس علاقے میں پیر کی صبح سرچ آ پریشن شروع کیاگیا۔

باجوڑ کے ایک مقامی شخص محمد سلیم خان نے بتایا کہ علاقے میں صبح کرفیو نافذ کیاگیا تھا تاہم یہ واقعہ دوپہر کو پیش آیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دیر سکاؤٹ کے اہلکار ہیں۔

خیال رہے کہ باجوڑ ایجنسی میں کچھ عرصے سے شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور چند دن پہلے باجوڑ کے دور افتادہ علاقے ڈمہ ڈولہ میں ایک بم حملے میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے پہلے ایجنسی کے مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز اور طالبان مخالف لشکر کے رضاکاروں اور امن جرگوں کے ممبران کو نشانہ بنایاجاتا رہا ہے جس میں اب تک متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔