مظفرگڑھ میں پولیس مقابلہ، ’چار دہشت گرد ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں پولیس نے چار مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے چہلمِ امام حسین کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چاروں دہشت گر موسیٰ پاک کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران مارے گئے۔
صحافی عاصم تنویر کے مطابق مظفر گڑھ کے ڈی پی او رائے ضمیر الحق کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسند محمود کوٹ روڈ پر ایک مکان میں موجود تھے اور چھاپے کے دوران انھوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
پولیس نے مذکورہ مکان سے چار خودکش جیکٹیں، 12 راکٹ اور 40 دستی بم بھی برآمد کیے ہیں۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ان شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان کے ابوعبیدہ گروپ سے تھا اور یہ چہلم کے جلوس کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان بھر میں سنیچر کو امام حسین کا چہلم منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







