سیالکوٹ: ایم کیو ایم کے رہنما فائرنگ سے ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عدیل اکرم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے ضلعی نائب صدر باؤ محمد انور کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
یہ واقعہ منگل کی رات سیالکوٹ میں شہاب پورہ روڑ پر پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ باؤ محمد انور کو منگل کی رات اس وقت گولیاں ماری گئیں جب وہ اپنی دکان پر موجود تھے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی دکان پر کام کرنے والے دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
تھانہ حاجی پورہ کے تفتیشی افسر محمد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب میں باؤ محمد انور کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
ایم کیوایم کے قائد کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کی تشدد زدہ لاشیں سڑکوں پر پھینک کر ہمیں صبرکی تلقین کی جاتی ہے۔
الطاف حسین نے خبردار کیا کہ اگر پنجاب میں ان کے کارکنوں کا قتل نہ روکا گیا تو پنجاب کا کوئی بھی وزیر سندھ میں داخل نہیں ہو سکے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔







