اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما قتل

،تصویر کا ذریعہGetty
مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ نواز عرفانی کو نامعلوم افراد نےوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق علامہ نواز عرفانی ملک کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں امام بارگاہ کے متولی بھی تھے۔
علامہ نواز عرفانی پارا چنار سے واپس اسلام آباد آرہے تھے کہ سیکٹر ای الیون کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے انھیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
دوسری جانب مجلس وحدت المسلین نے علامہ نواز عرفانی کے قتل کو فرقہ ورانہ کارروائی قرار دیا ہے اور اپنے پیغام میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اگلے 12 گھنٹوں کے اندر اندر حملہ آوروں کو گرفتار کرے۔
گولڑہ پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔
نامہ نگار کے مطابق علامہ نواز عرفانی کی لاش کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں جمعرات کو ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
اسلام آباد کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ پارا چنار میں اہل تشیع کے دو گروپ ہیں جن کے درمیان کافی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
چند روز پہلے انھیں میں سے ایک گروپ نے علامہ نواز عرفانی کے خلاف ایک پریس کانفرنس بھی کی تھی۔ پولیس کے مطابق اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی اکھٹی کی جا رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







