پارا چنار میں سکول وین کے قریب دھماکہ، دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
اطلاعات کے مطابق قبائلی ایجنسی کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں ایک سکول وین کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک طالب علم اور ڈرائیور ہلاک ہوئے ہیں۔
کرم ایجنسی پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ پارا چنار کے علاقے نستی کوٹ میں ہوا۔
اس حملے میں سکول وین کا ڈرائیور اور طالب علم ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی ہے۔
کرم ایجنسی میں اس سے پہلے بھی تشدد کے واقعات پیش آ چکے ہیں جبکہ ایجنسی میں ماضی میں فرقہ وارانہ بنیاد پر مختلف قبائل کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
ایجنسی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث اس کو ملک کے دوسرے علاقوں سے ملانے والے مرکزی سڑک کافی عرصے تک بند رہی۔
پاڑا چنار میں زیادہ تر آبادی شیعہ مسلک سے تعلق رکھتی ہے۔ رواں سال مئی میں ہی قبائلی علاقے کْرم ایجنسی میں ایک فوجی قافلے پر حملے کے بعد یرغمال بنائے جانے والے فوجیوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کے دوران چار اہلکار اور نو شدت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔اس کے علاوہ گیارہ مئی کی انتخابات کے حوالے سے ایک جلسے میں ہونے والے دھماکے میں کئی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔



