پی پی کا خیبر پختونخوا میں جماعتی انتخابات کرانے کا اعلان

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 28 ستمبر کو کارکنوں اور ہمدروں سے ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگی تھی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 28 ستمبر کو کارکنوں اور ہمدروں سے ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگی تھی

پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں جماعتی انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے۔

پی پی پی کی ویب سائٹ پر جاری تحریری بیان کے مطابق پارٹی نے ضلعی اور ڈویژنل سطح پر عہدے داروں کے چناؤ کے لیے پختونخوا میں جماعتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تین ہفتے کے اندر اندر ’ایکشن پلان‘ مرتب کیا جائے گا۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایکشن پلان پر کام کرنے کی ذمہ داری تین اراکین پر مشتمل کمیٹی کو سونپی ہے۔جس میں سینیٹر فرحت اللہ بابر، پروفیسر این ڈی خان اور اورنگزیب برکی شامل ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ صاف اور شفاف جماعتی انتخابات کی تیاری کرے اور دیے گئے وقت کے اندر اندر ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل سطح پر موجود تمام پارٹی دفاتر میں جائے۔

اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تین ہفتے کے اندر اندر ’ایکشن پلان‘ مرتب کیا جائے گا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تین ہفتے کے اندر اندر ’ایکشن پلان‘ مرتب کیا جائے گا

اراکین رابطہ سازی کا کام بھی کریں گے اور خیبر پختونخوا کے دورے کے دوران کمیٹی اراکین صوبائی لیڈر شپ کے ساتھ ملاقاتیں بھی کرے گی۔

’کمیٹی 21 روز کے بعد اپنی تجاویز پر مشتمل رپورٹ پیش کرے گی اور اسی روز اس کی پہلی رسمی ملاقات بھی ہوگی۔‘

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 18 اکتوبر کو کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 28 ستمبر کو کارکنوں اور ہمدروں سے ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگی تھی اور درخواست کی تھی کہ وہ واپس پارٹی کی صفوں میں شامل ہوں۔ یہ معافی لاہور میں تحریک انصاف کے ایک بڑے اجتماع کے فوری بعد سامنے آئی تھی۔