حب میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک

دونوں پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندونوں پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے حب ٹاؤن میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا واقعہ کراچی سے متصل حب ٹاؤن میں بدھ کی شب پیش آیا۔

حب پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق دو پولیس کانسٹیبل ایک موٹر سائیکل پر ساکران روڈ پر معمول کی گشت پر تھے جب اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اہلکار زخمی ہوگئے۔دونوں اہلکاروں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ جاں بحق ہونے والے دونوں اہلکار کانسٹیبل تھے۔

دونوں پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

حب کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔

بلوچستان میں پولیس فورس کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اس سال جولائی میں کوئٹہ میں ایک حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل جولائی ہی کے اوائل میں کوئٹہ کے شمال میں واقع کچلاک کے علاقے میں دو مختلف واقعات میں تین پولیس اہلکار جبکہ ضلع لورالائی کے علاقے دکی میں ایک حملے میں فرنٹیئر کور کے پانچ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔