خضدار: دھماکے میں سات زائرین زخمی

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی بس کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
لیویز فورس کے مطابق زخمی ہونے والے زائرین ہیں جو کہ کوہ مراد سے واپس آرہے تھے۔
خضدار میں لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے گریشہ میں پیش آیا۔
اہلکار نے بتایا کہ گریشہ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے زائرین زیارت کے لیے ضلع کیچ کے علاقے کوہ مراد گئے تھے۔ کوہ مراد میں زیارت کے بعد واپسی پر جب ان کی گاڑی گریشہ موڑ پر پہنچی تو اس کے قریب دھماکہ ہوا۔
انھوں نے بتایا کہ دھماکہ اس بارودی مواد کے باعث ہوا جسے نامعلوم افراد نے گریشہ موڑ کے علاقے میں نصب کیا تھا۔ اہلکار نے بتایا کہ بس کا اگلا حصہ دھماکے کی زد میں آگیا جس سے ڈرائیور سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔
ان میں سے شدید زخمیوں کو علاج کے لیے خضدار شہر منتقل کردیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہر سال زیارت کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کوہ مراد جاتی ہے۔ کوہ مراد جانے والے زائرین کی بس کو بم سے نشانہ بنانے کا واقعہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم مقامی حکام نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ضلع خضدار کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں۔







