خضدار: دھماکے میں ایک شخص ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP Getty
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں ہفتے کو ایک دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوئے ہیں۔
سٹی پولیس سٹیشن خضدار کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ دھماکہ جناح روڈ پر پیش آیا جس میں ایک شخص ہلاک اور 13 زخمیں ہوئے ہیں۔
پولیس اہلکار کے مطابق جناح روڈ کے علاقے اللہ والا چوک کے قریب یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں سے فرنٹیئر کور کی ایک گاڑی گزر رہی تھی۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے خضدار کے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں اور آیا ہلاک ہونے والا شخص حملہ آور ہی تو نہیں تھا کی تحقیقات جاری ہیں۔
خضدار بلوچستان کا سیاسی اور قبائلی حوالے سے اہم علاقہ ہے۔ بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد خضدار میں امن وامان کی حالت خراب ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے علاقے صحبت پور میں ایک گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔
ان دونوں کارروائیوں کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔



