’پُرتشدد احتجاج کرنے والوں کو اسلام آباد میں کھلا نہیں چھوڑ سکتے‘

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت آئین کے اندر رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا خیر مقدم کرے گی لیکن غیر آئینی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنچوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت آئین کے اندر رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا خیر مقدم کرے گی لیکن غیر آئینی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پولیس کے ہاتھ توڑنے اور لوگوں کی گردنیں اُڑانے والوں کو اسلام آباد میں کھلا نہیں چھوڑ سکتے۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر کسی پرتشدد ہجوم کو اسلام آباد آنے کی اجازت دی گئی تو پھر ہر چند ماہ کے بعد ایسا ہوتا رہے گا۔

منگل کے روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جڑواں شہر کے مکینوں کی زندگی کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان میں عراق، لیبیا یا شام جیسے حالات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تحریکِ انصاف نے یومِ آزادی کے موقعے پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان عوامی تحریک کا بھی تحریکِ انصاف کی آزادی مارچ میں ان کا ساتھ دینے کا اعلان ہو چکا ہے۔

اسلام آباد میں تحریکِ انصاف نے یومِ آزادی کے موقعے پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناسلام آباد میں تحریکِ انصاف نے یومِ آزادی کے موقعے پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے لاہور میں کیے جانے والے مظاہروں میں کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت بھی شامل ہے۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت آئین کے اندر رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا خیر مقدم کرے گی لیکن غیر آئینی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق انھوں نے اجلاس کو بتایا کہ 14 اگست کے بعد سے کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ریڈ زون میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 21 ہزار کے قریب اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جن میں پولیس رینجرز اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں۔

اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریبات کی ’فل ڈریس ریہرسل‘ کے سلسلے میں منگل کی شب ریڈ زون کو سیل کر دیا جائے گا جبکہ ایک سو سے زائد کنٹینر شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کے کنارے رکھ دیے گئے ہیں جنھیں کسی بھی وقت سڑکوں کے درمیان میں کھڑا کیا جا سکتا ہے۔

چوہدری نثار علی خان نے جڑواں شہروں کی پولیس اور انتظامیہ کے حکام سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں اندرونی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کریں اور لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔