عمران خان، طاہر القادری حاضر ہوں: لاہور ہائی کورٹ

درخواست گزار محمد کامران نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ سیاسی جماعتوں کو لانگ مارچ اور مظاہروں سے روکا جائے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشندرخواست گزار محمد کامران نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ سیاسی جماعتوں کو لانگ مارچ اور مظاہروں سے روکا جائے

لاہور ہائی کورٹ نے سیاسی جماعتوں کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے دائر کی گئی درخواست کی سماعت پر عمران خان، طاہر القادری اور چوہدری برادران کو منگل کے روز عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے تحریری بیان کے مطابق اس درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد خالف محمد خان کی سربراہی میں فل کورٹ کر رہی ہے۔

درخواست گزار محمد کامران نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کو لانگ مارچ اور مظاہروں سے روکیں کیونکہ یہ کر کے وہ نہ صرف ملک کے امن بلکہ جمہوری نظام کو بھی کو تباہ اور ختم کر رہے ہیں۔

درخواست گزار کا یہ بھی کہنا ہے کہ مظاہروں اور احتجاج پر لگنے والا یہ پیسہ شمالی وزیرستان کے متاثرین پر لگانا چاہیے۔

تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان، مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔

عدالت نے متعلقہ انتظامیہ کو حکم دیا کہ وہ تمام جواب دہندگان کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے تاکہ 12 اگست کو ان کی عدالت میں حاضری ممکن ہو سکے۔