جماعت اسلامی نے عمران خان کی تجاویز وزیر اعظم تک پہنچا دیں

عمران خان 14 اگست کے روز اپنے احتجاج کے لیے ابھی تک کسی دوسری بڑی سیاسی جماعت کی حمایت حاصل نہیں کر سکے ہیں

،تصویر کا ذریعہpti

،تصویر کا کیپشنعمران خان 14 اگست کے روز اپنے احتجاج کے لیے ابھی تک کسی دوسری بڑی سیاسی جماعت کی حمایت حاصل نہیں کر سکے ہیں
    • مصنف, آصف فاروقی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

جماعت اسلامی کے ایک وفد نے ملک میں سیاسی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے مصالحتی کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے اور بدھ کے روز وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سیاسی کشیدگی کو ختم کرنے کی تجاویز پیش کی ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے عمران خان کی تجاویز وزیر اعظم تک پہنچائیں اور وزیر اعظم نے ان تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

جماعت اسلامی کے وفد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، لیاقت بلوچ اور میاں اسلم شریک تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے جماعت اسلامی کے مصالحتی کوششوں کی سراہا۔

وزیر اعظم نے وفد کو بتایا کہ تمام جمہوری قوتوں پر فرض ہے کہ وہ عوام کے مینڈیٹ کااحترام کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات اور جمہوریت کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست کی بیناد نفرت یا چپقلش پر نہیں بلکہ باہمی احترام اور جمہوری اصولوں پر مبنی ہونی چاہیے۔

بیان کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر نے وزیر اعظم کے جمہوری کردار کو سراہا کہ انھوں نے صوبوں میں مختلف سیاسسی جماعتوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کی روایت کو مضبوط کیا ہے۔

بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے فلسطین کے مسئلے پر وزیر اعظم کے موقف کو سراہا۔ ملاقات میں سترہ اگست کو یوم فلسطین قرار دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی، اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، پرویزرشید، لیفٹینٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقادر بلوچ، شاہد خاقان عباسی، اور وزیر اعظم کے پولٹیکل سیکریٹری ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔

آئندہ ہفتے ملک میں احتجاجی سیاست کا دور شروع ہونے والا ہے۔ طاہر القادری کی پاکستان عوامی تحریک دس اگست کو لاہور میں یوم شہدا منا رہی ہے۔

عمران خان نے 14 اگست کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔