حکومت کو کسی لانگ مارچ سے خطرہ نہیں:نواز شریف

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت کو کسی احتجاج یا لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ریڈیو پاکستان نے نواز شریف کے انٹرویو کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف حزب اختلاف کی بات سننے کو تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت لانگ مارچ سے پہلے ہو یا بعد میں ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان نے 14 اگست کو پاکستان کی یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح پاکستان عوامی تحریکِ کے سربراہ طاہرالقادری نے بھی ’انقلاب مارچ‘ کا اعلان کیا ہے تاہم انھوں نے اس کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی۔

مقامی میڈیا کے مطابق اتوار کو لاہور میں اپنے ایک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ان کا ’آزادی مارچ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک نواز شریف کی بادشاہت ختم نہیں ہو جاتی۔‘

سرکاری ریڈیو کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ بعض عناصر احتجاج کا راستہ اپناتے ہوئے تشدد اور لاقانونیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ سیاسی مسائل مظاہروں یا مارچوں کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات اور مفاہمت سے حل ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور دوسرے ادارے حزبِ اختلاف کی شکایات دور کرنے کے لیے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں اور اُن پر اعتماد کیا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ضرب عضب آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور جب پوری قوم اس آپریشن کی مکمل حمایت کررہی ہے تو حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھی مسلح افواج اور بے گھر افراد کی حمایت کرنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن میں شامل لوگوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔