جسٹس انور ظہیر جمالی نے عبوری الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا

،تصویر کا ذریعہPID
پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق جسٹس انور ظہیر جمالی نے ملک کے عبوری الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
اسلام آباد میں ان کی حلف برداری کی تقریب میں عدالتِ عظمیٰ کے جج اور سپریم کورٹ بار کے وکلا نے شرکت کی۔ چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی نے ان سے حلف لیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل جسٹس ناصر الملک نے الیکشن کمیشنر کا عہدہ اس وقت چھوڑ دیا تھا جب ان کو ملک کا آئندہ چیف جسٹس نامزد کر دیا گیا تھا۔
پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پانچ جولائی کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے جبکہ جسٹس ناصر الملک چھ جولائی کو اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔
تصدق حسین جیلانی کی ریٹائرمنٹ سے متعلق فل کورٹ ریفرنس چار جولائی کو ہوگا۔ سپریم کورٹ کے شعبۂ تعلقات عامہ نے بھی اس نوٹیفکیشن کی تصدیق کی ہے۔
جسٹس ناصر الملک کے عہدہ سنبھالنے کے بعد جسٹس جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے ججوں کی سینیارٹی میں چیف جسٹس کے بعد دوسرے نمبر پر ہوں گے اور یہ توقع کی جا رہی تھی کہ جسٹس جواد ایس خواجہ مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تک قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ تاہم ذرائع ابلاغ میں آنے والی اطلاعات کے مطابق انھوں نے یہ عہدہ سنبھالنے سے انکار کر دیا تھا۔



