صحافی اور فنکار مصدق سانول انتقال کر گئے

،تصویر کا ذریعہDawn.com
پاکستان کے انگریزی اخبار ڈان کے انٹرنیٹ ایڈیشن کے مدیر اور بی بی سی اردو کے سابق پروڈیوسر مصدق سانول کراچی میں انتقال کر گئے۔
ان کی عمر پچاس سال تھی اور وہ تقریباً ایک سال سے زیادہ عرصے سے پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔
مصدق سانول انتقال کے وقت ڈان ڈاٹ کام کے چیف ایڈیٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
ڈان سے وابستہ ہونے سے قبل وہ لندن میں بی بی سی سے طویل عرصے وابستہ رہے اور بی بی سی اردو کی ویب سائٹ کے لیے بطور پکچر ایڈیٹر کام کیا۔
لاہور میں واقع نیشنل کالج آف آرٹس سے فارغ التحصیل ہونے والے مصدق سانول صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک فنکار اورگلوکار بھی تھے اور انھیں تھیٹر سے بھی بہت لگاؤ تھا۔
مصدق فوک موسیقی اور گائیکی سے خاص شغف رکھتے تھے۔
ڈان ڈاٹ کام کے مطابق مصدق کو اس ادارے میں لانے والے ڈان اخبار کے سابق مدیر عباس ناصر نے کہا ہے کہ ’مصدق سانول ایک صحافی، مصنف اور ایسے باہنر انسان تھے جس میں تخلیقی صلاحیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ان سے جو بھی ملتا وہ موسیقی کے لیے ان کے جذبے سے ضرور متاثر ہوتا تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مصدق سانول کی میت کو کراچی میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کے آبائی شہر ملتان روانہ کر دیا گیا ہے جہاں انھیں سنیچر کو سپردِ خاک کیا جائے گا۔
انہوں نے پسماندگان میں بیوی اور ایک بیٹے اور بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔







