پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند

پاکستان کے صوبہ پنجاب اور سندھ کے چند علاقوں میں دھند کے باعث گاڑیوں اور ٹرینوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں اور سندھ کے سکھر ڈویژن میں دھند چھائی رہی، جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور سکھر ڈویژن میں دھند چھائی رہے گی۔
محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں رات اور علی الصبح شدید دھند ہو گی۔
بیان کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن جب کہ سکھر ڈویژن میں درمیانے سے شدید دھند رہے گی۔
محکمۂ موسمیات سے جاری ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دھند کا یہ سلسلہ موسم سرما کی پہلی باقاعدہ بارش تک جاری رہے گا۔
دھند کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر سرگودھا ہے جہاں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
سرکاری ذرائعِ ابلاغ کے مطابق سرگودھا میں ٹریفک پولیس نے دھند کے باعث حادثات کے پیش نظر گاڑیوں پر روشنی منعکس کرنے والے سٹکر لگانے کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب موٹر وے پولیس نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ رات اور صبح سویرے موٹر وے سے سفر سے گریز کریں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک بیان میں نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس نے کہا ہے کہ منگل کو موٹر وے کے مختلف حصوں میں شدید دھند تھی جس کے باعث ٹریفک میں خلل پڑا۔
موٹر وے پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ شام سے صبح تک موٹر وے پر سفر کرنے سے گریز کریں اور موٹر وے کی بجائے جی ٹی روڈ استعمال کریں۔
دریں اثنا دھند کے باعث لاہور ہوائی اڈے سے صبح کے وقت جہازوں کی آمدورفت میں خلل پڑا اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ہر سال پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ دسمبر کے آخری ہفتے میں شروع ہوتا ہے۔







