کراچی:’ کالعدم تنظیموں کے چھ ارکان ہلاک‘

کراچی میں پولیس اور رینجرز نے ایک مبینہ مقابلے میں کالعدم تنظیموں کے چھ ارکان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رینجرز کے ترجمان نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب منگھو پیر کے علاقے میں طالبان کی موجودگی کی اطلاع پر جب رینجرز اور پولیس اہلکار وہاں پہنچے تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔
ان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو مشتبہ ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت شہید اللہ اور خیال بادشاہ کے نام سے کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تین دستی بم اور تین بال کریکر برآمد کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل حب رور روڈ پر سی آئی ڈی اور مشتبہ ملزمان میں مقابلے میں چار ملزمان ہلاک ہوئے۔
سی آئی ڈی کے ڈی ایس پی چوہدری اسلم نے منگل کی شب ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ ملزمان اسلحے سے بھری گاڑی کراچی کی جانب لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کی تو جوابی فائرنگ سے چار ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں ہپستال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔
ہلاک شدگان کی شناخت عبدالرحمٰن، عارف عرف سجاد، محمد غنی اور محمد صدیق کے نام سے کی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ منگل کو ہی کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات نے ایک پریس کانفرنس میں مسلم لیگ لائرز فورم کے رہنما نعمت اللہ رندھاوا کے قاتل سمیت سات ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ نعمت اللہ کے قاتل کاظم عباس رضوی کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے اور وہ اس کے یونٹ 178 کا کارکن ہے۔
شاہد حیات نے نعمت اللہ رندھاوا کے قتل کو سیاسی مقصد کے لیے ہونے والی ہلاکت قرار دیا اور بتایا کہ مقتول وکیل صحافی ولی بابر کے مقدمۂ قتل کی پیروی کر رہے تھے اس لیے انہیں نشانہ بنایا گیا۔







