ملالہ کو انٹرنیشنل چلڈرنز پیس پرائز دیا جائے گا

ملالہ یوسف زئی نے سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ فنڈ بھی قائم کیا ہے
،تصویر کا کیپشنملالہ یوسف زئی نے سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ فنڈ بھی قائم کیا ہے

پاکستان کی وادی سوات میں طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی ملالہ یوسف زئی کو ’انٹرنیشنل چلڈرنز پیس پرائز‘ دیا جائے گا۔

خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی کارکن اور دو ہزار گیارہ کی نوبل امن انعام جیتنے والی توکل کرمان سولہ سالہ ملالہ کو یہ اعزاز چھ ستمبر کو ہیگ میں پیش کریں گی۔

ملالہ کو سوات میں سکول جاتے ہوئِے طالبان نے نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں زخمی ہونے کے بعد ان کا علاج پاکستان میں کیا گیا اور بعد میں برطانیہ منتقل کردیا گیا جہاں اب وہ مقیم ہیں۔

انٹرنیشنل چلڈرنز پیس پرائز دینے والی ہالینڈ کی تنظیم ’کڈز رائٹس فاؤنڈیشن‘ کے چیرمین مارک ڈولارٹ کا کہنا ہے کہ ’ملالہ دو ہزار گیارہ میں بھی نامزد کیے گئے بچوں کی فہرست میں تھیں مگر اس سال ہمارے پینل نے یہ فیصلہ کیا کہ دیگر بچوں کو نامزد نہ کیا جائے بلکہ ملالہ کو ہی انعام دیا جائے۔‘

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی نے سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ فنڈ بھی قائم کیا ہے۔

اس کے علاوہ حال ہی میں ملالہ یوسفزئی نے برطانیہ میں آپ بیتی لکھنے کا معاہدہ کیا ہے۔ملالہ کو کتاب لکھنے کا 30 لاکھ امریکی ڈالر معاوضہ دیا جائے گا۔

ملالہ یوسفزئیپر نو اکتوبر 2012 کو مینگورہ میں اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ وین میں سکول سے گھر واپس آرہی تھیں۔ اس حملے میں ان کی سکول کی دو ساتھیاں شازیہ رمضان اور کائنات بھی زخمی ہوئی تھیں۔