اسلام آباد: دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی

پاکستان کی وفاقی حکومت نے ملک میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات اور انتخابی اصلاحات کے لیے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے جس کی حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے بھی حمایت کردی ہے۔
ہمارے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تجویز پیش کی کہ ایوان میں حزبِ اختلاف کی ایک جماعت پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حالیہ انتخابات میں دھاندلیوں کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے جس کی تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔
سابق حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ان انتخابات کے نتائج کو تحفظات کے ساتھ تسلیم کیا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ یہ جماعت قومی اسمبلی کے صرف چار حلقوں میں انگھوٹوں کے نشان کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی جانچ پڑتال کا تقاضا کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حزبِ اقتدار اور حزب مخالف کی طرف سے بیس بیس حلقوں کی نشاندہی کی جائے جس میں اُن کے بقول دھاندلی ہوئی ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ اس ضمن میں بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کو سابق نگراں وزیرِاعظم اور چاروں نگراں صوبائی وزراء اعلیٰ کو بلانے کا بھی اختیار ہوگا۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں جن جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے وہاں پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اس کے علاوہ جو ارکان اسمبلی دھاندلی کے ذریعے کامیاب ہوئے ہیں اُنھیں نااہل قرار دیا جائے۔
اُنھوں نے کہا کہ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کو بھی اعتماد میں لیا جائے اور پارلیمانی کمیٹی مختصر مدت میں تمام حقائق کو سامنے لے کر آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کی تشکیل اور اُس کے ٹرمز آف ریفرنس طے کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا اجلاس سولہ اگست کو طلب کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے جن چار حلقوں میں انگھوٹوں کے نشان کے ذریعے ووٹوں کی جانچ پڑتال کرنے کا مطالبہ کیا ہے اُن میں سے چار حلقے صوبہ پنجاب سے ہیں۔ ان حلقوں میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سنئیر نائب صدر حامد خان کے علاوہ جہانگیر ترین ناکام رہے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گیارہ مئی کو ملک میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پر الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ کو توہین عدالت میں اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے اور اُنہیں اُٹھائیس اگست تک تفصیلی جواب داخل کروانے کا حکم دیا ہے۔







