گلگت بلتستان: چیک ریپبلک کے کوہ پیماگر کر ہلاک

کو پیما زڈینک نیچے اترتے ہوئے گر کر ہلاک ہوئے
،تصویر کا کیپشنکو پیما زڈینک نیچے اترتے ہوئے گر کر ہلاک ہوئے

پاکستان کے قائم الپائن کلب کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں گیشربرم ون چوٹی سر کرنے کی کوشش میں چیک ریپبلک کے کوہ پیما زڈینک ربی گر کر ہلاک ہوگئے ہیں۔

الپائن کلب کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 57 سالہ زڈینک چیل کو پیمائی فیڈریشن کے موجودہ صدر بھی تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اور ان کے ایک ساتھی گزشتہ کئی دنوں سے گیشربرم ون کو جنوب مغرب کی جانب سے ایک نئے راستے سے سر کرنا چاہتے تھے۔

بیان کے مطابق دونوں اس کوشش میں ناکام رہے جس کے بعد انھوں نے بیس کیمپ کی جانب نیچے اترنا شروع کیا۔

’نو اگست کو بیس کیمپ پر ٹیم نے دور بین سے دیکھا کہ دونوں نیچے آ رہے ہیں تاہم کچھ دیر بعد ایک کوہ پیما نیچے گر گیا۔ ان کے دوسرے ساتھی نے نیچے آ کر بتایا کہ زڈینک گر کر ہلاک ہو گئے ہیں‘۔

الپائن کلب کے مطابق زڈینک کے اہلخانہ کی خواہش ہے کہ زڈینک کی لاش کو بیس کیمپ کے قریب دفنا دیا جائے۔

الپائن کلب کا کہنا ہے کہ زڈینک پاکستان میں موجود آٹھ ہزار میٹر سے بلند چودہ چوٹیوں میں سے آٹھ سر کرچکے تھے جن میں نانگا پربت اور گشربرم ون اور ٹو بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کوہ پیمائی کی اس ٹیم کے دو کوہ پیماؤں نے 28 جولائی کو معمول کے راستے سے گشربرم ون سر کی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گیشر برم ون پر سپین سے تعلق رکھنے والے چار کوہ پیما لاپتہ ہو گئے تھے۔

اس سے قبل ایران سے تعلق رکھنے والے تین کوہ پیما بھی دو دن پہلے براڈ پیک نامی چوٹی سر کر کے واپسی کے راستے پر لاپتہ ہوئے جن کی تلاش بھی اب حکام کے مطابق ترک کر دی گئی ہے۔