گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود مستعفی ہوگئے

پنجاب کے گورنر مخدوم احمد محمود نے عام انتخابات کے نتائج کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم احمد محمود نے کہا کہ وہ اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے مستفیْ ہورہے ہیں اور انہوں نے اپنے فیصلے کے بارے میں صدر آصف علی زرداری کو آگاہ کردیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مستعفی ہونے کے بعد پارلیمانی سیاست سے دور رہیں گے۔
مخدوم احمد محمود کو پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف خان کھوسہ کی جگہ گزشتہ برس گورنر پنجاب مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے پچیس دسمبر دو ہزار بارہ کو اپنے کا عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
مستعفی ہونے والے مخدوم احمد محمود چار ماہ اور سولہ دن تک اپنے گورنر کے عہدے پر فائز رہے۔
لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق مخدوم احمد محمود کے مستعفیْ ہونے کے بعد نئے گورنر کی تعیناتی تک سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال قائم مقام گورنر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔
مخدوم احمد محمود کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کی یہ صوبداید ہے کہ وہ صوبے میں نیا گورنر لائے۔
مستعفیْ ہونے والے گورنر نے یہ اعلان کیا کہ وہ اپنے عہدے سے الگ ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکن کی حیثیت سے اپنی جماعت کی خدمت کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ مخدوم احمد محمود سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتہ دار ہیں اور گورنر کا عہدے سنبھالنے سے پہلے وہ مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی صدر تھے۔
گیارہ مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں ان کے بیٹوں نے پیپلز پارٹی کی طرف سے حصہ لیا تھا اور ان کا ایک بیٹا کامیاب ہوا ہے۔







