جوڈیشل اکیڈمی کا ایف ایم ریڈیو میزان

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں جوڈیشل اکیڈمی کے زیر انتظام پاکستان کے پہلے ایف ایم ریڈیو سٹیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف ایم ریڈیو کا مقصد قانونی مسائل پر پروگرام پیش کرنا اور لوگوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے آگاہ کرنا ہے۔
پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا ایف ریڈیو سٹیشن ہے جس کا نام ریڈیو میزان رکھا گیا ہے۔ یہ چینل اپنی نشریات سہ پہر تین بجے سے شام چھ بجے تک پیش کرتا ہے۔
ریڈیو میزان کے سٹیشن ڈائریکٹر ایک سیشن جج عامر نذیر ہیں جنہیں صحافت کا تجربہ بھی ہے۔
انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ اس ایف ایم سٹیشن کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو ان کے قانونی اور بنیادی انسانی حقوق سے آگاہی دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس چینل کے قیام میں پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان کی ذاتی دلچسپی شامل تھی جس سے یہ ممکن ہو پایا۔
نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق اس چینل کی نشریات عام ایف ایم ریڈیو چینلز سے قدرے مختلف ہے۔ اس میں قانونی اور آئینی معلومات اور تعلیمات سے وابستہ پروگرام نشر ہوتے ہیں اور موسیقی یا دوسروں کی طرح ’ریڈیو جوکیز‘ کی گفتگو نہیں ہوتی۔
یہاں وکیل اور ریٹائرڈ ججز پروگرام میں شامل ہوتے ہیں اور میزبانی کے فرائض بھی صحافی، وکیل اور تعلیم یافتہ افراد کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریڈیو میزان پر پانچ پانچ منٹ کے تین نیوز بلیٹن بھی نشر کیے جاتے ہیں۔ اس چینل کی نشریات پشتو اردو اور انگریزی میں ہوتی ہیں لیکن ابتدائی طور پر زیادہ وقت پشتو زبان میں پروگرام نشر کیے جاتے ہیں۔
سٹیشن ڈائریکٹر عامر نذیر کے مطابق ابتدائی طور پر یہ چینل پشاور میں شروع کیا گیا ہے لیکن بعد میں پیمرا کی اجازت کے بعد صوبے کے دیگر تمام شہروں میں بھی اس چینل کی نشریات کی جائیں گی۔







