
پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق منگل کی صبح سرکی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔
ان افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔
حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ حملہ آوروں نے کباڑی مارکیٹ میں دکان پر فائرنگ کی۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں 2002 کے بعد بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس کازیادہ تر نشانہ ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد بنے جن کا تعلق شیعہ مکتبہ فکر سے ہے۔
ہزارہ قبیلے کی جانب سے ستمبر 2012 میں سپریم کورٹ میں ایک فہرست پیش کی گئی جس کے مطابق فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور بم دھماکوں میں قبیلے کے 7 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ان واقعات کے باعث ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
2009 کے بعد کوئٹہ میں سنی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کی ٹارگٹ کلنگ کا بھی سلسلہ شروع ہوا اور اب تک پولیس کے مطابق 20 سے زائد علماء اور طلباء ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنے ہیں۔
یہ واقعہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے کوئٹہ میں بلوچستان کی صورتحال سے متعلق کیس کی سماعت کے تین روز بعد پیش آیا ۔ سپریم کورٹ نے ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔






























