
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سروے آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کو بتایا کہ کوئٹہ کی سریاب روڈ پر ڈپٹی ڈائریکٹر محسن رضا نقوی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ دفتر جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے ڈپٹی ڈائریکٹر کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن حامد شکیل کا کہنا ہے ’نائن ایم ایم کے خول جائے وقاعہ سے ملے ہیں۔‘
اس واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس حکام نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں لیکن یہ واقعہ فرقہ وارانہ کارروائی لگتی ہے۔
ایک اور پولیس افسر کے مطابق حملہ آور محسن رضا نقوی کے دفتر کے مرکزی گیٹ پر گھات لگائے بیٹھے تھے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سرکاری افسران اور شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔






























