
فائرنگ کے بعد نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیشن جج ذوالفقار نقوی سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ سے ذوالفقار نقوی کے محافظ اور ڈرائیور بھی ہلاک ہوئے۔
کوئٹہ کے جی او آر کالونی میں جمعرات کی صبح اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے سیشن جج کوئٹہ ذوالفقار نقوی کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ دفتر جانے کے لیے سرکاری گاڑی میں گھر سے نکلے تھے۔
فائرنگ کے بعد نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعہ کے بعد پولیس اور فرٹیئرکور کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس نے ذوالفقار نقوی کی ہلاکت کو ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ قرار دیا ہے۔
سیشن جج کی ہلاکت کے خلاف وکلاء نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بلوچستان ہائی کور ٹ بارایسوسی ایشن کے صدر ملک ظہور شاہوانی ایڈوکیٹ نے واقعہ کو فرقہ وارانہ دہشت گردی قرار دیتے ہوئے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔






























