
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں حکام کے مطابق جمعہ کو ایک خودکش حملے میں پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان مرتضیٰ بیگ کے مطابق ایف سی نے ایک چیک پوسٹ پر ایک گاڑی کو تلاشی کے لیے رکنے کا اشارہ کیا۔
’چیک پوسٹ پر موجود ایف سی کے اہلکار گاڑی کے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کر رہے تھے جب اس نے اپنے آپ کو اڑا دیا۔ اس دھماکے میں ایف سی کے تین اور ملٹری انٹیلیجنس کے دو اہلکار ہلاک ہوئے۔‘
کوئٹہ سے صحافی سلیم شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے سے قبل سکیورٹی ایجنسیوں کو اطلاع تھی کہ ایک گاڑی تخریب کاری کی کارروائی کے لیے شہر میں داخل ہو گی۔
اس اطلاع کے بعد شہر میں سکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔






























