کوئٹہ: دھماکے میں تین ہلاک، بارہ زخمی

ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک کمسن بچہ بھی شامل تھے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک کمسن بچہ بھی شامل تھے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک کار بم دھماکے میں ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے ہیں جبکہ دھماکے سے کئی مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

اتوار کے روز سریاب روڈ پر بادینی چوک کے قریب ایک مکان میں یہ دھماکہ پیش آیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

دھماکے کے نتیجے میں مکان میں موجود ایک خاتون اور ایک کمسن بچے سمیت تین افراد ہلا ک ہوگئے جبکہ بارہ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹروں نے بعض افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی ہے۔

دھماکے سے مذکورہ مکان مکمل طور پر تباہ ہوا ہے جبکہ آس پاس کی کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور فرنٹیر کور کی بھاری نفری جاے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکہ مکان میں کھڑی ایک گاڑی میں موجود دھماکہ خیز مواد سے ہوا ہے۔

بم دسپوزل سکوارڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں اور بتایا ہے کہ اسی کلو گرام تک دھماکہ خیز مواد مذکورہ کار میں موجود تھا۔

پولیس کے مطابق دھماکہ ڈاکٹر اختر مینگل کے مکان میں ہوا جنہوں نے چند ماہ قبل یہ مکان کرایہ داروں کو کرایے پر دیا تھا۔ کرایہ داروں کا تعلق بلوچستان کے علاقے نوشکی سے بتایاگیا ہے۔