
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس کے مطابق موٹر سائیکل بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا تھا۔
اے پی سے بات کرتے ہوئے پولیس افسر وزیر خان ناصر نے بتایا کہ یہ دھماکہ پولیس چوکی کے قریب کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا شخص اور زخمی ہونے والے عام شہری تھے۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب چیف جسٹس آف پاکستان بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کوئٹہ رجسٹری میں کر رہے ہیں۔
سنیچر کو مقدمے کی سماعت کے دوران بینچ میں شامل جسٹس خلجی عارف نے بلوچستان کے چیف سیکریٹری سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر رپورٹ طلب کی۔
انہوں نے سماعت کے دوران چیف سیکریٹری سے استفسار کیا کہ آیا ایف سی کی تعیناتی کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔






























