’سلالہ حملے پر پاکستان سےمعافی مانگی جائے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر پرسن بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیٹو کی جانب سے مبینہ طور پر سلالہ فوجی چوکی حملے پر پاکستان سے معافی مانگے۔
یہ بات پاکستان کی حکمران پارٹی پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان سربراہ نے پیر کو نیویارک کے علاقے لانگ آئیلینڈ میں اپنی پارٹی کے کارکنوں اور بعد میں پاکستانی پریس سے خطاب کے دوران کہی۔
ٰنیو یارک میں بی بی سی کے نامہ نگار حسن مجتبی کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ميں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں جن میں پاکستان کے تیس ہزار شہری اور چھ ہزار فوجیوں اور دیگر اہلکاروں کی جانیں دہشتگردی کا شکار ہوئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کو نہیں بلکہ امریکہ کو ’ڈو مور‘ کہنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے یہ سب ایک ایسے وقت کہا ہے کہ جب انکے والد اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری شکاگو میں نیٹو کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے ہیں جہاں امریکہ اور پاکستان کے درمیان نیٹو سپلائي لائن پر کافی کشیدگي پائی جاتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ انکی والدہ اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے تمام کے تمام قاتل یا تو گرفتار ہوچکے ہیں یا مارے گۓ ہیں سوائے ایک سابق فوجی آمر جنرل رٹائرڈ پرویز مشرف کے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر جو لوگ بینظیر بھٹو کے قتل کے پیچھے رجمان ملک پر الزام لگاتے ہیں وہ پارٹی کے دوست نہیں بلکہ پارٹی کے اندر پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا انکی پارٹی کے خلاف تھوڑی متعصب ہے۔



