شمالی وزیرستان: اعلٰی سرکاری اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان کے قبائلی شمالی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم شخص نے میرعلی سب ڈویژن کے اعلٰی انتظامی افسر کو ان کے دفتر میں گولیاں مار ہلاک کر دیا ہے۔

شمالی وزیرستان کے ایک اعلی سرکاری اہلکار نے پشاور میں بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح میرعلی کے علاقے میں سکاؤٹس قلعہ کے اندر پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ میرعلی سب ڈویژن کے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ ( اے پی اے) جمال عظمت سکاؤٹس قلعہ کے ایک کونے میں قائم اپنے دفتر میں وزیر اور داوڑ قبائل کے ایک جرگہ سے بات چیت کررہے تھے کہ اس دوران وہاں موجود ایک نامعلوم شخص نے پستول نکال کر ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ ہلاک ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔

سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے وزیر اور داوڑ قبائل کے جرگہ اراکین کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کردی۔

خیال رہے کہ قبائلی ایجنسیوں میں اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ ایک اہم انتظامی افسر سمجھا جاتا ہے۔ اس سے پہلے بھی قبائلی علاقوں میں اعلٰی سرکاری افسروں پر حملے اور ان کو اغواء کئے جانے کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔