ایرانی فورسز کی فائرنگ، چھ پاکستانی ہلاک

،تصویر کا ذریعہFars News Agency
بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے متصل ایرانی سرحدی علاقے میں ایرانی فورسز کی فائرنگ سے چھ پاکستانی شہری ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ایرانی حدود میں چاہ بہار کے علاقے میں پیش آیا ہے۔
پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر ایرانی حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
یا د رہے کہ اکتیس دسمبر دو ہزار گیارہ کو ماشکیل کے سرحدی علاقے مزاسر میں ایرانی فورسز کی فائرنگ سے سعید ریکی نامی جوان کی ہلاکت ہوئی تھی۔
ایرانی اہلکاروں نے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر فائرنگ کی تھی اور اس ہلاکت پر پاکستانی فورسز نے ایرانی فورس کے تین اہلکاروں کو حراست میں لیا تھا۔
ہمسایہ ممالک کے سکیورٹی حکام کے درمیان اعلٰی سطحی رابطوں اور مقتول کے ورثاء سے راضی نامہ کے بعد ایرانی فورسز کے اہلکاروں کو رہا کر دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ چند روز قبل جیوانی کے قریب ایرانی فورسز نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کی اور ماہی گیروں کی 15 کے قریب کشتیاں لے گئیں جنہیں بعدازاں مذاکرات کے بعد واپس کر دیا گیا تھا۔



