چوبیس گھنٹے میں چار ڈرون حملے، 48 ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے وزیرستان میں چوبیس گھنٹوں میں امریکی جاسوس طیاروں کے چار حملوں میں اڑتالیس افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
تازہ ترین واقعے میں منگل کی شام شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیارے کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پشاور سے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق شمالی وزیستان کی تحصیل دتہ خیل کے قریب ایک گاڑی پر امریکی جاسوس طیاروں نے میزائل داغے ہیں جس کے نیتجہ میں اس میں سوار تین افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ حملہ تحصیل دتہ خیل میں نئے اڈے کے قریب ہوا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حملے میں مرنے والے تینوں افراد مقامی طالبان تھے۔
پولیٹکل انتظامیہ کے اہلکاروں کے مطابق اس سے قبل منگل کی صبح امریکی جاسوس طیاروں نے جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل میں ملک شاہی کے علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اہلکاروں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد غیر ملکی تھے لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کا تعلق کس ملک سے تھا۔
اس سے پہلے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے شوال میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مکان پر چار میزائل داغے جس میں کم سے کم تیرہ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
اس سے قبل رات گئے شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقےگورویک کے مقام پر ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ علاقہ پاک افغان سرحد پر واقع ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقامی افراد کے مطابق امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مکان اور ڈبل کیبن گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اور حملے میں پچیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ تین روز پہلے شمالی وزیرستان سے ملنے والی پاک افغان سرحد پر فوجی حکام کے مطابق دونوں ممالک کی افواج نے سرحد پر موجود شدت پسندوں پر حملے کیے تھے لیکن ان حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی تھی۔







