نوشہرہ دھماکہ: ہلاکتیں 18، تحقیقات جاری

جنازے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کا سلسلہ بھی جاری ہے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں حکام کے مطابق اتوار کو ہونے والے خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اٹھارہ تک پہنچ گئی ہے۔

اس خودکش حملے میں نوشہرہ شہر کے علاقے مال روڈ پر واقع ایک بیکری کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ضلعی پولیس افسر کے مطابق جس جگہ خودکش حملہ ہوا وہ فوجی علاقہ تھا اور وہاں سکیورٹی کی ذمہ داریاں فوج کے پاس تھیں۔

بی بی سی کے عزیز اللہ خان کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں چار فوجی، چار خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد اٹھائیس ہے۔

حکام کے مطابق اس حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور خودکش حملہ آور کے سر اور چہرے کی کھال کو تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی عمر سترہ سے اٹھارہ برس کے درمیان تھی اور اس نے دھماکے کے لیے آٹھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا۔

ادھر اس حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ہلاک شدگان کے جنازوں میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ہے۔