نوشہرہ: ضلعی عدالت کے باہر بم دھماکہ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی عدالت کے باہر ایک بم دھماکے میں ایک خاتون پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
نوشہرہ میں پولیس کے اہلکار مصطفی نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ منگل کی صُبح نو بجے کے قریب ڈسٹرکٹ کورٹ کے مرکزی دروازے کے باہر ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون کانسٹیبل ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اہلکار کے مطابق زخمیوں کو ضلعی ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ضلعی عدالت سے ملنے والی تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیاگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا معلوم نہیں ہوسکا ہے البتہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تھانہ نوشہرہ کے ایس ایچ او فضل مولا نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والی خاتون کا نام شازیہ تھا۔
انھوں نے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب کانسٹیبل شازیہ ایک خاتون کا بیگ چیک کر رہی تھیں۔
فضلِ مولا کے مطابق زخمی ہونے والوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ نوشہرہ شہر کے شمال مشرقی حصے میں ایک بڑے رقبے پر ایک فوجی چھاونی ہے۔
اس شہر میں پہلے بھی قانون نافذ کرنے والے ادراوں اور عام شہریوں پر حملے ہوچکے ہیں جس میں درجنوں لوگ ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔







