لاہور:آتشزدگی سے سترہ افراد زخمی

آگ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنآٹھ گھنٹے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے گنجان آباد علاقے موچی دروازے میں ایک پلازے کو آگ لگنے سے کم از کم سترہ افراد زخمی ہوگئے ہیں اور آگ سے ایک قریبی عمارت زمین بوس ہوگئی ہے۔

آگ اس قدر شدید ہے کہ اس نے ارگرد کی عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے اور راستے تنگ ہونے کی وجہ سے آگ بھجانے والے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

تاحال آٹھ گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

نامہ نگار عبادالحق کا کہنا ہے کہ عمارت میں کیمیکل مواد ہونے کی وجہ سے معمولی نوعیت کے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں۔

لاہور کے ضلعی رابطہ آفسر (ڈی سی او) احد چیمہ کا کہنا ہے اس واقعہ میں کم سے کم سترہ کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین سے چار سو میٹر کے فاصلے سے آگ بجھانے کے لیے پانی عمارتوں پر پھینکا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آگ بجھانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے والی دس گاڑیاں اس کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں اور چاروں اطراف سے آگ بجھانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔

ضلعی رابطہ افسراحد چیمہ کا کہنا ہے کہ عمارتوں کے ڈھانچے کمروز ہیں اور اسی وجہ سے امدادی کام کرنے والے خطرناک زون میں کام کر رہے ہیں۔

ضلعی رابطہ آفیسر کا کہنا ہے کہ صورت حال کوئی ’اچھی نہیں ہے۔‘

ُادھر علاقے کے رہائیشوں اور تاجر نے بھی احتجاج کیا اور ان کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں ناکافی ہیں۔