کراچی: دو مشتنہ طالبان گرفتار

کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور ان کا تعلق کالعدم جہادی تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا ہے۔
کراچی میں سی آئی ڈی کے ایس پی چودھری اسلم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شیر رحمان اور زمین خان عرف بلا سے ایک کلاشنکوف، ایک ٹی ٹی پستول اور دو دستی بم برآمد کیے گئے ہیں جبکہ بعد میں ملزمان کی نشاندھی پر پولیس کو خودکش حملے کے لیے استعمال ہونے والی ایک جیکٹ بھی ملی ہے جس میں بیس کلو بارودی مواد موجود تھا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کا تعلق بیت اللہ محسود گروپ سے ہے اور یہ لشکر جھنگوی کے لیے بھی کام کرتے رہے ہیں، انہوں نے خودکش بم حملے کے لیے ایک سولہ سال کے نوجوان کو تیار بھی کیا تھا جسے بھی برآمد کیا گیا ہے۔
چودھری اسلم نے بتایا کہ ملزمان سہراب گوٹھ میں شرعی نظام کے نفاذ کا ارادہ رکھتے تھے۔



