برڈ فلو: حفاظتی سامان کا عطیہ

- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد
امریکہ کی جانب سے پاکستان کو برڈ فلو وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی سامان بطور عطیہ دیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی ادارہ برائے بین الا قوامی ترقی یعنی یو ایس ایڈ کی سربراہ جینٹ پاز کاسٹیلیو نے حفاظتی آلات اور دیگر متعلقہ سامان حکومت پاکستان کے حکام کے حوالے کیا۔
اس موقع پر جینٹ پاز کاسٹیلیو کا کہنا تھا کہ یہ آلات اور دیگر سامان وائرس کے پھیلنے کی صورت میں بیماری سے متاثرہ مرغیوں کو تلف کرنے اور مرغی خانوں کو جراثیم سے پاک کرنے کی سرگرمیوں کے دوران پرندوں سے انسانوں میں اس بیماری کے منتقل ہونے کے خطرات کو کم کریں گے۔
یو ایس ایڈ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیا اور مشرقی بعید کے خطہ میں چوبیسواں ملک ہے جہاں برڈ فلو وائرس بالخصوص ایچ فائیو این ون قسم کے جراثیم کے پھیلنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن سے بڑی تعداد میں پرندوں کی اموات ہوچکی ہیں۔ صرف دو ہزار آٹھ کے دوران دنیا کے اکیس ملکوں میں اس وباء کے پانچ سو پینتیس بار پھیلنے کے واقعات کی اطلاعات ملی ہیں جن میں سے اکیاون واقعات پاکستان میں پیش آئے۔
جینٹ پاز کاسٹیلیو نے مزید کہا کہ ایچ فائیو این ون یعنی سوائن فلو کے حالیہ واقعات یاد دہانی کراتے ہیں کہ برڈ فلو کے سدباب کی کوششیں کتنی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس لیے تمام متعلقہ وزارتوں، دفاتر اور شعبوں کو اس جراثیم کی تشخیص اور روک تھام کے لیے چوکنا رہنا چاہیے۔
حفاظتی لباس، آلات، عینکیں اور دستانے برڈ فلو سے متاثرہ مرغیوں والی جگہوں پر کام کرنے والے افراد کو فراہم کیے جائیں گے۔
یو ایس ایڈ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ اشیاء اور آلات برڈ فلو سے متاثرہ مرغیوں کو تلف کرنے اور مرغی خانوں کی صفائی کی سرگرمیوں کے دوران اس بیماری سے متاثرہ پرندوں سے دوسرے پرندوں میں اور پرندوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کے امکانات کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔



