بارہ مئی:’ہڑتال نہ کریں‘

کراچی
،تصویر کا کیپشنپیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ بارہ مئی کو کراچی می ںہڑتال کی جائے
    • مصنف, ارمان صابر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں یعنی متحدہ قومی مومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ بارہ مئی کو دی جانے والی ہڑتال کی کال واپس لے لیں۔

یہ اپیل حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر مملکت برائے پورٹس اینڈ شپنگ سردار نبیل احمد گبول نے کراچی پریس کلب میں پُرہجوم نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کرتے ہوئے کراچی میں فسادات برپا کرنا چاہتی ہیں چنانچہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حالات کی سنگینی کا اندازہ لگائیں اور بارہ مئی کو مختلف جماعتوں کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال کی اپیل واپس لی جائے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر رفیق انجینیئر، پیپلز پارٹی کراچی ساؤتھ کے صدر عاصم بلوچ کے علاوہ دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

نبیل گبول نے کہا کہ ہڑتال کرنے سے بیرونی دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کے درمیان ہم آہنگی نہیں ہے۔ ان کے بقول بارہ مئی کو ایم کیو ایم اور اے این پی ہڑتال کے بجائے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ جلسہ منعقد کریں اور بیرونی دنیا کو پیغام دیں کہ ہم سب متحد ہیں۔

ان کے خیال میں کراچی میں دیرپا قیامِ امن کے لیے حکومتی رِٹ کا قیام ضروری ہے جو سماج دشمن عناصر اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائی کے بغیر ممکن نہیں۔

نبیل گبول کے بقول اس وقت کراچی شہر میں لاکھوں کی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ موجود ہے اور ایسے تمام لوگ جن کے پاس غیرقانونی اسلحہ ہے انہیں چاہیے کہ وہ اُسے پھینک دیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر کے غیر قانونی اسلحہ سے معاشرے کو پاک کرنے کی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے جو پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔

ان کے بقول کراچی میں ایک سازش کے تحت ہنگامے کرائے گئے جبکہ لیاری میں لسانی بنیادوں پر فسادات کرانے کی سازش پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ناکام بنادی۔

انہوں نے کہا کہ بارہ مئی کے بعد کراچی میں بھتہ مافیا کے خلاف بھی بھرپور مہم شروع کر کے ان کےخلاف کارروائی کی جائے گی جس کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔