پی ٹی آئی کا جلسہ اور آسٹروٹرف: کیا نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹروٹرف پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے اکھاڑی گئی؟

ہاکی

،تصویر کا ذریعہSocial Media

    • مصنف, منزہ انوار
    • عہدہ, بی بی سی اردو، اسلام آباد

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے 13 اگست کا جلسہ لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم منتقل کیے جانے کے بعد وہاں نصب آسٹروٹرف اکھاڑنے کی تصاویر سامنے آئی ہیں جن سے یہ سوال پیدا ہوا کہ کیا یہ ٹرف جلسے کے انتظامات کے سلسلے میں اکھاڑی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہیں جن میں اس سٹیڈیم سے کچھ افراد کو آسٹرو ٹرف اکھاڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ان وائرل ویڈیوز میں ہاکی سٹیڈیم میں لگی آسٹروٹرف اکھاڑنے کے مناظر شئیر کرتے ہوئے بہت سے لوگ تنقید کر رہے ہیں کہ ‘جس بے دردی سے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے لگوائی گئی کروڑوں مالیت کی آسٹرو ٹرف کو اتارا جا رہا ہے یہ ہرگز دوبارہ استعمال کے قابل نہیں ہو گی۔‘

کئی صارفین ہاکی سٹیڈیم کو جلسہ گاہ بنانے کے بجائے منٹو پارک میں جلسے کی تجاویز دے رہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ’سٹیڈیم جلسوں کے لیے نہیں بنائے جاتے، ہاکی گراؤنڈ کی کروڑوں کی آسٹروٹرف خراب کرنے کا کیا فائدہ؟ سامنے منٹو پارک ہے اس میں جلسہ کر لیں۔‘

کچھ افراد کو اس بات پر بھی حیرت ہے کہ ہاکی سٹیڈیم سے آسٹروٹرف ایک سیاسی جلسے کے لیے اتاری جا رہی ہے۔۔۔ ’ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ جلسہ ایک سابق کھلاڑی کے لیے ہے۔‘

کئی صارفین یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ ’کیا جلسے کے لیے پورے لاہور میں صرف ایک ہاکی سٹیڈیم ہی رہ گیا تھا‘، اور تو اور کچھ لوگ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے اس معاملے میں مداخلت چاہتے ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل پی ٹی آئی نے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ’حقیقی آزادی جلسے‘ کا اعلان کیا تھا جسے بعد میں لاہور منتقل کر دیا گیا۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

آسٹروٹرف کیا ہوتی ہے؟

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہاکی قدرتی گھاس پر کھیلی جاتی تھی لیکن ستر کی دہائی میں آسٹروٹرف کو متعارف کرایا گیا جو ایک مصنوعی سطح ہوتی ہے۔ آسٹرو ٹرف کی بھی مختلف اقسام اب آچکی ہیں جن پر ہاکی کھیلی جاتی ہے۔

پہلے اس کا رنگ سبز ہوتا تھا لیکن اب یہ نیلے رنگ میں تبدیل ہوچکی ہے۔ پاکستان میں پہلی آسٹرو ٹرف کراچی کے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں بچھائی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر رد عمل

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تنقید کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان اظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ لاہور ہاکی سٹیڈیم کی آسٹروٹرف ایکسپائر ہو چکی ہے، ایکسپائرڈ ٹرف کی وجہ سے پچ بی پر میچز کروائےجا رہے ہیں۔ اپنی ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ نئی ٹرف آ رہی ہے اور پرانی ٹرف سرگودھا میں لگانے لے جا رہے ہیں۔

انھوں نے پاکستان مسلم لیگ نواز پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس آسٹرو ٹرف کے شاکنگ پیڈز پاکستان مسلم لیگ نواز نے 2014 میں جعلی گنیز بک مقابلوں کے لیے 25 ہزار بندے لا کر تباہ کر دیے تھے۔‘

ان کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے نئی ٹرف کے لیے فنڈز مختص کیے اور پی سی ون منظور کیا ہے اور اس کے علاوہ بھی متعدد ہاکی گراؤنڈ میں تحریک انصاف حکومت میں نئی آسٹروٹرف بچھائی گئی ہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیرِ ملک تیمور مسعود سے منصوب ایک بیان بھی شئیر کیا جا رہا ہے جس کے مطابق یہ آسٹروٹرف لاہور ہاکی سٹیڈیم سے تبدیل کرکے سرگودھا ہاکی سٹیڈیم میں بچھائی جائے گی اور لاہور ہاکی سٹیڈیم کے لیے نئی آسٹرو ٹرف کا ٹینڈر جلد دیا جارہا ہے۔ سٹیڈیم میں جشنِ آزادی کے بعد نئی آسٹرو ٹرف لگائی جائے گی۔

جس کے بعد کئی صارفین پوچھ رہے ہیں کہ ’اگر یہ ایکسپائرڈ ٹرف ہے تو اسے پچھلے چار سال کے دوران تبدیل کیوں نہیں کیا گیا اور اب جلسے کے وقت ہی کیوں ایکسپائرڈ کہا جا رہا ہے، جبکہ کئی افراد یہ بھی پوچھتے نظر آتے ہیں کہ اگر ایکسپائرڈ ہی ہے تو سرگودھا کیوں لگا رہے ہیں؟‘

MashwaniAzhar

،تصویر کا ذریعہ@MashwaniAzhar

’سوشل میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم سے آسٹروٹرف اکھاڑی جا رہی ہے‘

سوشل میڈیا پر اٹھائے جانے والے سوالات کے جواب جاننے کے لیے بی بی سی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے قائم مقام سیکرٹری حیدر حسین سے رابطہ کیا تو انھوں نے اس معاملے سے مکمل لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سوشل میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم سے آسٹروٹرف اکھاڑی جا رہی ہے اور یہ بھی سوشل میڈیا سے ہی پتا چلا کہ اسے سرگودھا لے جایا جا رہا ہے۔

حیدر حسین کے مطابق آسٹروٹرف اکھاڑنے یا نئی لگانے کا اختیار ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ کے پاس ہے اور وہی اس کے نگران ہیں، اگر ہمیں بھی کیمپ لگانا پڑے تو انھی سے اجازت طلب کی جاتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میچوں کے لے آسٹروٹرف کو پانچ سال کے اندر تبدیل کیا جانا چاہیے۔

’کیا نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے اکھاڑی گئی ہے؟‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس پنجاب بورڈ، عمیر حسین نے تصدیق کی کہ نیشنل سٹیڈیم لاہور میں لگی آسٹروٹرف اتار دی گئی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’ہمارا کئی مہینوں سے اسے سرگودھا منتقل کرنے کا پلان تھا اور اس کا تحریکِ انصاف کے جلسے سے کوئی تعلق نہیں۔‘

تاہم انھوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ کیا عمران خان کی جانب سے ہاکی سٹیڈیم میں جلسے کی منتقلی کے اعلان کے بعد ہی اس منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز کیوں کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آسٹرو ٹرف اس لیے منتقل کی جا رہی ہے کیونکہ یہ پرانی ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا ہاکی سٹیڈیم ہے لہٰذا ہمارا یہاں نئی آسٹرو ٹرف لگانے کا منصوبہ تھا کیونکہ یہ (2012-13) آٹھ سے نو سال قبل لگائی گئی تھی اس کےنیچے لگی لیئر کا سائنٹیفک سروے کروانا اور اسے یہاں سے اتارنا ضروری ہو چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

انھوں نے بتایا کہ لاہور سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف اتار کر اسے سرگودھا منتقل کیا جائے گا کیونکہ وہاں کی آسٹروٹرف کی حالت کافی خراب ہو چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ حکومتی پالیسی ہے کہ جب بھی کسی سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف اتاری جاتی ہے، اسے کسی دوسرے سٹیڈیم میں جا کر لگا دیا جاتا ہے کیونکہ ابھی وہ کھیلے جانے کے قابل ہوتی ہے۔

تو کیا لاہور ہاکی سٹیڈیم کے لیے نئی آسٹروٹرف منگوا لی گئی ہے؟

Social Media

،تصویر کا ذریعہSocial Media

اس کے جواب میں عمیر حیسن کہتے ہیں کہ یہاں نئی آسٹرٹرف لگانے کے حوالے سے پی سی ون منظور ہو چکا ہے اور اس کے بعد ہم اس کا ٹینڈر دینے کا عمل شروع کریں گے اور تین سے چار مہینوں میں یہاں نئی آسٹرو ٹرف لگنی شروع ہو جائے گی۔

اور اگر ان تین چار مہینوں میں یہاں کوئی میچ کروانا پڑ گیا تو؟

اس کے جواب میں عمیر کا کہنا ہے کہ ہاکی سٹیڈیم کے ساتھ ہمارے پاس پچ ٹو موجود ہے جہاں عالمی معیار کی آسٹروٹرف لگی ہوئی ہے اور حال ہی میں کامن ویلتھ اور باقی گیمز کے لیے جانے والے کھلاڑیوں نے وہیں پچ ٹو پر پریکٹس کی ہے۔

عمیر حسین کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف پر آخری میچ گذشتہ مہینے ہوا جو چیف آف آرمی سٹاف ہاکی ایونٹ تھا۔

عمیر حسین کے مطابق سنہ 2012-13 میں اس آسٹر ٹرف کو لگانے پر 40-42 ملین (تقریباً ساڑھے چار کروڑ) روپے کی لاگت آئی تھی اور پی سی ون کے مطابق یہاں نئی آسٹروٹرف لگانے پر اندازاً 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔