عمران خان نے ٹوئٹر پر سب کو ’ان فالو‘ کر دیا: اب وزیر اعظم کی ٹوئٹر فیڈ پر کیا نظر آتا ہو گا؟

عمران خان

،تصویر کا ذریعہTwitter/@ImranKhanPTI

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی جانے والی ٹویٹس کے باعث اکثر خبروں کی زینت بنتے ہیں تاہم گذشتہ روز جب انھوں نے ٹوئٹر پر ان تمام افراد کو ’ان فالو‘ کر دیا جنھیں وہ فالو کیا کرتے تھے تو صارفین کے ذہن میں کئی سوالات جنم لینے لگے۔

کچھ عرصہ پہلے تک عمران خان صرف 18 افراد کو فالو کر رہے تھے لیکن گذشتہ روز اچانک انھوں نے ان تمام افراد کو ’ان فالو‘ کر دیا۔

خیال رہے کہ حامد میر وہ واحد صحافی تھے جنھیں عمران خان ٹوئٹر پر فالو کیا کرتے تھے، تاہم گذشتہ برس انھیں بھی ان فالو کر دیا گیا تھا۔

ایک نجی ٹی وی چینل پر جب حامد میر سے اس حوالے سے سوال پوچھا گیا تھا تو انھوں نے جواب دیا تھا کہ ’یہ ان کے لیے فخر کی بات ہے کہ ایک سیاستدان جب حزبِ اختلاف میں تھا تو تب انھیں فالو کرتا تھا اور جب اقتدار میں آیا تو اس نے مجھے ان فالو کر دیا۔ اس کا مطلب یہ ہے میں کچھ ایسا کر رہا ہوں جو عمران خان کو پسند نہیں ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کے علاوہ بھی ٹوئٹر پر کئی مشہور شخصیات ایسی ہیں جو کسی کو بھی فالو نہیں کرتیں۔

ان میں تبت کے مقبول روحانی پیشوا دلائی لامہ، گلوکار ایمینم پاکستانی صحافی طلعت حسین کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی شامل ہیں جنھوں نے رواں برس ہی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنایا ہے۔

عمران خان نے مارچ 2010 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بنایا تھا اور انھیں اس وقت ایک کروڑ 29 لاکھ سے زیادہ لوگ فالو کرتے ہیں۔

عمران خان

،تصویر کا ذریعہFACEBOOK/@IMRANKHANOFFICIAL

عمران خان ٹوئٹر پر کس کس کو فالو کرتے تھے؟

عمران خان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جن 18 افراد کو فالو کرتے تھے ان میں ان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ بھی شامل تھیں۔ ان کے علاوہ وہ اپنی جماعت پاکستان تحریک انصاف سے منسلک تین ٹوئٹر اکاؤنٹس کو بھی فالو کرتے تھے۔

تحریک انصاف میں وہ جماعت کے نائب چیئرمین اور موجودہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیرِ برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، سابق ترجمان پی ٹی آئی مرحوم نعیم الحق اور موجودہ صدر عارف علوی کو بھی فالو کرتے تھے۔

پارٹی کے دیگر سینیئر اراکین جیسے اسد عمر، جہانگیر ترین، عندلیب عباس، شفقت محمود اور سیف اللہ نیازی اور ان کے علاوہ شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی عمران خان کے فالو کیے گئے اکاؤنٹس میں شامل ہیں۔

’عمران خان اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ خود چلاتے ہیں‘

اس حوالے سے جب بی بی سی کی منزہ انوار نے وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان اپنا ذاتی اکاؤنٹ خود چلاتے ہیں، اس لیے انھوں نے سب کو ان فالو کیوں کیا اس کا جواب بھی وہی دے سکتے ہیں۔‘

اس اکاؤنٹ کے علاوہ عمران خان ’پرائم منسٹر آفس، پاکستان‘ نامی پاکستانی وزیرِ اعظم کا سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی دیکھتے ہیں جس کے ذریعے وہ 13 اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔ فالو کیے جانے والے اکاؤنٹس میں عمران خان نامی دو ایسے اکاؤنٹ ہیں جن پر عربی اور ترک زبان میں ٹویٹ ہوتے ہیں۔ یہاں وہ صدر عارف علوی کو بھی فالو کرتے ہیں۔

عمران خان کی ٹوئٹر فیڈ پر اب کیا نظر آئے گا؟

عمران خان کی جانب سے تمام لوگوں کو ان فالو کرنے کے بعد اکثر سوشل میڈیا صارفین یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ اب ان کی ٹوئٹر فیڈ پر کیا نظر آئے گا۔

اس سوال کا جواب لینے کے لیے ہم نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے علاوہ ایسی کمپنیوں کے اکاؤنٹس چلانے والے افراد سے بھی رابطہ کیا جو یا تو کسی کو فالو نہیں کرتے یا پھر صرف ِاکا دُکا اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔

اس حوالے سے ایک بات واضح ہوئی کہ اگر آپ کسی کو فالو نہیں کرتے تو آپ کی فیڈ خالی ہی رہے گی، اور ٹوئٹر آپ کی دلچسپی کے حساب سے اکاؤنٹس کی فہرست آپ کی ٹائم لائن پر لاتا ہے۔

تاہم کیونکہ عمران خان 2010 سے ٹوئٹر استعمال کر رہے ہیں اور وہ صرف ایک وقت میں سب سے زیادہ 19 ہی اکاؤنٹس کو فالو کر رہے تھے اس لیے یہاں بات ایلگورتھم کی بھی کرنی پڑے گی۔

ٹوئٹر، عمران خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ٹوئٹر پر جب آپ کسی کو فالو نہیں بھی کر رہے ہوتے تب بھی اکثر اس شخص کی ٹویٹس آپ کو باقاعدگی سے دکھائی دیتی ہیں۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ ٹوئٹر اس پلیٹ فارم پر آپ کی سرگرمی کا بغور مطالعہ کر رہا ہوتا ہے۔

یہاں تک کہ آپ کسی ایک ٹویٹ پر کتنی دیر تک رکتے ہیں اور اگر اس شخص کی ٹویٹ کو لائیک، ری ٹویٹ کرتے ہیں یا اس کا جواب دیتے ہیں تو یہ بھی ریکارڈ کر لیا جاتا ہے۔

یعنی آپ کی ٹائم لائن صرف ان لوگوں سے نہیں بنتی جنھیں آپ فالو کرتے ہیں، بلکہ اس میں آپ کی دلچسپی کے موضوعات سے متعلق ٹویٹس بھی آ جاتی ہیں۔ اسی طرح ٹوئٹر پر چلنے والے ٹرینڈز میں جا کر بھی دیگر ٹویٹس دیکھی جا سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ردِ عمل

سوشل میڈیا پر جہاں اوپر دیے گئے سوالات پوچھے جا رہے ہیں وہیں لوگ ان کی جانب سے جمائما خان کو بھی ان فالو کرنے پر افسردہ دکھائی دے رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف شاز ملک نے لکھا کہ ’ویسے تو عمران خان نے سبھی کو ان فالو کیا ہے مگر مجھے یقین ہے کہ جمائما اندر سے کچھ ٹوٹ گئی ہوں گی۔‘

عمران خان

،تصویر کا ذریعہTwitter/@shaz_Insafiyan

ایک صارف نے لکھا کہ ’اب خان صاحب کے لیے کوئی بھی خاص نہیں ہے، سب کو ان فالو کر دیا۔‘

عمران خان

،تصویر کا ذریعہTwitter/iHShaheen

اکثر صارفین نے کہا کہ اب وہ اپنے علاوہ کسی کی بھی ٹویٹس نہیں دیکھ سکیں گے جبکہ کچھ صارفین مختلف دعوے بھی کرتے دکھائی دیے کہ شاید عمران خان نے یہ نواز شریف کی دیکھا دیکھی کیا ہے۔

خیر یہ معمہ تو اب برقرار رہے گا، جب تک عمران خان اس بارے میں خود کچھ نہیں کہہ دیتے یا اس حوالے سے وضاحت نہیں کر دیتے۔