آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کورونا وائرس کی دوسری لہر: کیپٹن صفدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت، پاکستان میں آٹھویں دن بھی ایک ہزار سے زیادہ نئے مریض
پاکستان میں دن بدن کورونا وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے اور گلگت بلتستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اسی دوران ملک کے شمالی خطے میں جاری انتخابی مہم میں حصہ لینے والے مسلم لیگ نواز کے رہنما اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے شوہر کیپٹن محمد صفدر اعوان میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
کیپٹن صفدر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی۔ ان کے مطابق انھیں ڈاکٹرز نے مکمل آرام اور احتیاط کا مشورہ دیا ہے اور وہ ادویات کا استعمال کر رہے ہیں جس سے ان کی طبیعت بہتر ہے۔
کیپٹن صفدر میں اس وائرس کی تشخیص گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران اس وقت ہوئی جب وہ اپنی اہلیہ مریم نواز کے ہمراہ سکردو میں موجود تھے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
خیال رہے کہ قمر زمان کائرہ بھی گلگت بلتستان میں پارٹی کی انتخابی مہم میں مصروف تھے اور وہ مختلف شہروں اور قصبوں میں منعقد کیے گئے جلسوں میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ ساتھ تھے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 33 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور وائرس 1650 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔ یہ مسلسل آٹھواں دن ہے جب ملک میں نئے مریضوں کی تعداد 1000 سے زیادہ رہی ہے۔
ایک دن میں پاکستان سے اس وائرس سے نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس وقت اس وائرس سے 51 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب ایک دن میں 464 افراد اس مرض سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں کورونا وائرس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور کم از کم تین بڑے شہروں میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں 15 فیصد سے بھی زائد اضافہ ہوا ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 4.5 فیصد بنتی ہے جبکہ 15 بڑے شہروں میں یہ شرح زیادہ بنتی ہے۔
- ملتان : 15.97 فیصد
- گلگت: 15.38
- مظفر آباد: 14.12 فیصد
- میر پور: 11.11 فیصد
- پشاور: 9.69 فیصد
- کوئٹہ: 8.03 فیصد
- اسلام آباد: 7.4 فیصد
- کراچی: 7.12 فیصد
- لاہور: 5.37 فیصد
ایک ہفتے سے یومیہ ایک ہزار کیسز
اس سے قبل اتوار کو ملک میں کورونا وائرس کے 1436 نئے مریض سامنے آئے جبکہ جمعے کے روز ملک میں جولائی کے بعد سے پہلی مرتبہ 1500 سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ملک میں 25 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
مگر کسی ایک دن کے متاثرین یا ہلاکتوں سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ گذشتہ سات روز میں ملک میں ہر روز مسلسل ایک ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں اور 145 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کچھ لوگ کیسز اور ہلاکتوں میں اس تیزی کو ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کہہ رہے ہیں۔
اب تک ملک میں کورونا وائرس کے باعث کل 343189 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 6968 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ اب تک ملک میں اس وائرس سے 318417 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے ملک میں مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ ملک کے ایسے علاقے جہاں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے وہاں سمارٹ لاک ڈاؤنز بھی لگائے گئے ہیں۔
ایک طرف کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے تو دوسری جانب ملک بھر سیاسی و مذہبی اجتماعات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ملک میں اس وقت سیاسی منظر پر خاصی گہما گہمی کا ماحول ہے اور 11 جماعتی حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے آنے والے دنوں میں پشاور، لاڑکانہ اور لاہور میں جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ اسی طرح وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے بھی حالیہ دنوں میں مختلف تقریبات کے سلسلے میں بڑے اجتماعات ہوئے ہیں۔
اسی دوران گلگت بلتستان میں انتخابات کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم بھی جاری ہے۔
ادھر صوبہ پنجاب کے علاقے رائیونڈ میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کا آغاز پانچ نومبر سے ہوا تھا تاہم منتظمین نے حکومت کی جانب سے وضع کیے گئے قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اب تک ہونے والے سیاسی اجتماعات میں قواعد ضوابط کی خلاف ورزیاں ہی دیکھی گئی ہیں خواہ وہ حکومت کی جانب سے منعقد کروائے گئے ہوں یا حزبِ اختلاف کی جانب سے۔
تاہم حکومت کی جانب سے چند پابندیوں میں سخت بھی کی گئی ہے جیسے ملک بھر میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے لگایا جا رہا ہے۔ اسی دوران ریستوران، شادی ہال وغیر رات 10 بجے جب تفریحی مقامات اور پارکس شام چھ بجے بند کر دیے جائیں گے۔
لگاتار پانچویں روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 200 سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد آج اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکٹر جی 9 اور آئی 8 کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کل صبح سے ہو گا۔
ادھر دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں ایک لاکھ 30 ہزار نئے کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق لگاتار چوتھے روز ملک میں ایک ہزار سے زیادہ یومیہ ہلاکتیں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
ہمسایہ ملک انڈیا میں گذشتہ روز 45674 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 559 اموات بھی ہوئی ہیں۔ انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گذشتہ چند روز کے دوران کیسز کی تعداد سات ہزار کے لگ بھگ رہی ہے۔