عمران خان: مودی کی مسلمان دشمن حکومت کو ہر فورم پر بے نقاب کرتے رہیں گے

،تصویر کا ذریعہTwitter/@SAPMMediaOffice
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہو یا نہ ہو پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انھوں نے یہ بات اتوار کے روز امریکہ میں ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں سیشن میں شمولیت کے بعد وطن واپسی پر کی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنے مختصر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مودی کی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو وہ ہر فورم پر دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جدوجہد میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے اور اچھا برا وقت آتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
'برے وقت میں آپ (پاکستان) نے مایوس نہیں ہونا۔ کیونکہ کشمیر کے لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں جب تک آپ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے کشمیری جدوجہد کرتے رہیں گے اور آزادی حاصل کریں گے۔'
ان کا کہنا تھا کہ اسی لاکھ کشمیری اس وقت پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کو انڈیا کی فوج نے کرفیو میں بند کر کے رکھا ہوا ہے۔ 'کشمیریوں کی بات کرنا جہاد ہے کیونکہ ان کے اوپر ظلم ہو رہا ہے۔ ہم ان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کہ ان پر ظلم ہو رہا ہے۔'

،تصویر کا ذریعہFacebook/PTI
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ دعائیں کرنے پر پوری قوم کے مشکور ہیں۔
'میں خاص طور پر بشری بیگم کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے میرے لیے دعائیں کیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ کوشش انسان کی ہوتی ہے کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
اس سے قبل عمران خان کی وطن واپسی پر ان کا استقبال کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے تھے۔
حکمراں جماعت کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر عمران خان کی آمد کے ممکنہ وقت کے بارے میں کارکنان کو آگاہ کیا گیا تھا۔
اتوار کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ’ویلکم ہوم پی ایم آئی کے‘ ٹاپ ٹرینڈ رہا جبکہ اسی نوعیت کے دوسرے ٹرینڈز بھی ٹاپ پر رہے۔











