جعلی اکاؤنٹس کیس: زرداری اور فریال تالپور کے خلاف مقدمہ راولپنڈی منتقل، ضمانت منسوخ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے شہر کراچی کی بینکنگ عدالت نے ملک کے سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور حسین لوائی کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ راولپنڈی کی عدالت میں منتقل کردیا ہے۔
بینکنگ کورٹ کے جج طارق حسین کھوسو نے اپنے حکم میں متعلقہ مقدمے میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ، کے سربراہ انور مجید کے تین بیٹوں ذوالقرنین، علی مجید، نمر مجید ، دی بلوچ کمپنی کے شہزاد جتوئی، شیر محمد مغیری، بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کے داماد زین ملک سمیت 13 ملزمان کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں بھی منسوخ کردی ہیں۔
عدالت نے مقدمے کے تمام ریکاڈ کو راولپنڈی کی عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیے۔
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات ایف آئی اے سے قومی احتساب بیورو اسلام آباد کو منتقل کردی ہے، جس کے بعد چیئرمین نے قانونی اختیار استعمال کرکے متعلقہ مقدمہ اسلام آباد میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا تمام ریکارڈ راولپنڈی کی عدالت منتقل کیا جائے۔
آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید اور دیگر ملزمان کے وکلا نے مقدمے کی منتقلی کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ نے مقدمہ نیب کے حوالے کرنے کا حکم نہیں دیا بلکہ مقدمے کی نئے سرے سے تحقیقات کا حکم دیا ہے، نیب فیصلے کی غلط تشریح کر رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو جمعہ کو سنایا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
فیصلے کے موقعے پر آصف علی زرداری اور ہمشیرہ فریال تالپور پیش نہیں ہوئے جبکہ انور مجید کے تینوں بیٹوں سمیت دیگر ملزمان موجود تھے ،جو فیصلہ سنتے ہی ہائی کورٹ کے احاطے میں پہنچ گئے جبکہ آصف علی زرداری فیصلہ سنائے جانے کے بعد پہنچے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی منتقلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا اس پر مزید رائے ان کے وکلا دیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ایک اکاؤنٹ سے مشکوک منتقلی کا مقدمہ درج کیا جس کے بعد کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے جن سے مشکوک منتقلیاں کی گئیں۔
ایف آئی اے کا دعویٰ ہے کہ ان مشکوک منتقلیوں سے مستفید ہونے والوں میں متحدہ عرب امارات کے نصیر عبداللہ لوطہ گروپ کے سربراہ عبداللہ لوطہ، آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، ان کے بیٹے، بحریہ ٹاؤن کا مالک ملک ریاض کے داماد ملک زین شامل ہیں۔











