ثنا چیمہ کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا: پوسٹ مارٹم رپورٹ

،تصویر کا ذریعہSocial Media
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں حال ہی میں مشکوک حالات میں ہلاک ہونے والی پاکستانی نژاد اطالوی خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انھیں گلا گھونٹ کر مارا گیا تھا۔
ضلع گجرات کے علاقہ کنجاہ کی پولیس نے 26 سالہ ثنا چیمہ کو ’غیرت کے نام پر قتل‘ کرنے کے الزام میں ان کے والد اور بھائی کو حراست میں لے لیا ہے۔
بی بی سی اردو کے نامہ نگار عمردراز ننگیانہ کے مطابق ثنا چیمہ کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کی ڈاکٹر نے لاہور کی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی کیمیائی تجزیے کی رپورٹ آنے کے بعد بدھ کو جاری کی۔
گجرات سرکل کے ایس ڈی پی او عرفان الحق سلہریا نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کو موصول ہونے والی رپورٹ میں ڈاکٹر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ثنا چیمہ کو گلا گھونٹ کر مارا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس کو غیرت کے نام پر قتل کے مقدمے کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور اس الزام میں مقتولہ کے والد اور بھائی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہPunajb Police
اطالوی شہری ثنا چیمہ کی موت 18 اپریل کو ہوئی تھی اور ان کے اہلخانہ کا موقف تھا کہ وہ بیمار تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس روز وہ ہلاک ہوئیں اس کے ایک روز بعد انھیں اٹلی واپس جانا تھا۔
تاہم ان کی پر اسرار حالات میں موت پر اٹلی کے ذرائع ابلاغ میں انہیں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کرنے کے حوالے سے خبریں شائع ہونے کے بعد مقامی پولیس نے جانچ پڑتال شروع کی تھی۔
پولیس نے شبہ کی بنیاد پر ثنا چیمہ کے والد غلام مصطفٰی، ان کے بھائی اور چچا ہو شاملِ تفتیش کر لیا تھا۔
ان کی موت کے تقریباً آٹھ روز بعد پولیس کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کرنے کے لیے قبر کشائی کی گئی تھی۔
تاہم ڈاکٹروں کے مطابق لاش اس قدر خراب ہو چکی تھی کہ محض پورسٹ مارٹم سے کوئی اندازہ قائم کرنا ممکن نہیں تھا۔








