لاہور میں تحریک انصاف کا شو، عمران خان نے گیارہ نکات پیش کر دیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے 'نیا پاکستان' بنانے کے حوالے سے گیارہ نکات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ، تعلیم، صحت، ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنا اُن کی اہم ترجیحات ہیں۔
لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف نے مینارِ پاکستان کے اقبال پارک میں جلسہ کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں تحریکِ انصاف کے کارکن شریک تھے۔ اس جلسے کا مرکزی پیغام ’دو نہیں ایک پاکستان‘ رکھا گیا تھا۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ وہ حکومت میں آئے تو جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنائیں گے۔
عمران خان نے لاہور کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے آپ سے پیسہ مانگا آپ نے دل کھول کر دیا چاہے وہ ہسپتال کے لیے ہو یا یونیورسٹی کے لیے ہو۔ آپ نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا۔‘
عمران خان نے ’نیا پاکستان‘ کے حوالے سے گیارہ نکات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں سرکاری تعیلمی اداروں کی حالتِ زار کو بہتر کریں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے کہا کہ اگر اُن کی جماعت حکومت آئی تو وہ فیڈریشن کو مضبوط کریں گے اور قبائلی عوام کو بھی اُن کا حق دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ’قبائلی عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اُن کی حکومت فاٹا کو خیبر پختو نخوا میں ضم کرے گی، انھیں صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے گی۔‘
عمران خان نے کہا کہ کسان ملک کے لیے محنت کرتے ہیں لیکن انھیں اپنی محنت کا پھل نہیں مل رہا ہے وہ ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لاہور میں ہونے والے اس جلسے میں عمران خان نے کافی لمبی تقریر کی اور انھوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملازمت کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ خواتین کو تحفظ دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ عدالتوں کا نظام بہتر کیا جائے گا اور سول مقدمہ کو ایک سال کے اندر اندر نمٹایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
انھوں نے نوجوانو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بہت زبردست ملک ہے اور یہاں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ’نوجوانو بڑا سوچو، بڑے خواب دیکھو، کامیابی ملے گی۔‘
عمران خان سے قبل تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 72 سال میں پاکستان میں کیا ہوا کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانا ہے تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔
انھوں نے مسلم لیگ نون پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تین مرتبہ نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا گیا، تو اس سے کیا تبدیلی آئی؟
اس کے علاوہ تحریکِ انصاف کے عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیے گئے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ پاکستان میں اگر کوئی انقلاب لا سکتا ہے تو وہ کسان برادری ہے اور نون لیگ نے کسان برادری کو معاشی طور پر قتل کیا ہے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان پاکستانی قوم اور پاسپورٹ کوعزت دلوائیں گے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے اس جلسے میں پاکستان کے مختلف شہروں سے تحریکِ انصاف کے کارکنان شریک ہیں۔
اس مرتبہ خواتین کے پنڈال کو چاروں طرف سے بند رکھا گيا ہے اور مختلف دور دراز شہروں سے آںے والوں کے لیے کھانے اور رہائش کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
گذشتہ شب پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا جس کے بعد انھوں نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ’جلسے سے ایک رات قبل اس قسم کا جنون کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ انشاء اللہ کل مینار پاکستان "ام الاجتماعات" کا منظر پیش کرے گا۔‘
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے لاہور شہر میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے دو ہزار سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ متعدد شاہراہوں پر بھی خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔







