آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان، افغانستان کا مشترکہ مقاصد کے لیے تعاون پر اتفاق
پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور افغان صدر اشرف غنی نے خطے کی سکیورٹی کے حوالے سے مشترکہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جمعے کو افغانستان کے دورے پر کابل پہنچے جہاں دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
افغان صدارتی محل کے ترجمان شاہ حسین مرتضائی نے پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاق عباسی کے دورے کے حوالے سے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں ممالک نے عدم اعتماد کی فضا کو ختم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔
شاہ حسین مرتضائی نے بتایا کہ وفود کی سطح پر ہونے والی اس ملاقات کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ، افغان مہاجرین کی متفقہ ٹائم فریم کی بنیادوں پر واپسی، قیدیوں کی واپسی کے لیے کاغذی کارروائی شروع کرنے اور سرحد پار سے بمباری کے بارے میں بھی بات کی گئی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے سربراہان نے علاقوں کو آپس میں ملانے کے لیے کوئٹہ، قندھار اور ہرات ریلوے اور پشاور، جلال آباد ریلوے سمیت پشاور، کابل موٹروے کے حوالے سے بھی بات کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی افعان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی دعوت پر کابل کا دورہ کر رہے ہیں۔
حالیہ دنوں میں پاکستان کے فوجی اور سیاسی رہنما باقاعدگی سے کابل کے دورے کر رہے ہیں۔ برف پگھلنے کا بظاہر آغاز پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے اس سال فروری میں دورے سے ہوا۔
کافی تلخیوں اور تاخیر کے بعد ہونے والے اس دورے میں جنرل باجوہ نے افغانستان اور امریکہ دونوں کو علاقائی سکیورٹی معملات پر 'مشترکہ اور تسلسل کے ساتھ' کوششوں کی پیشکش کی تھی۔