توہینِ عدالت کیس میں عمران خان کے وارنٹ جاری

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے مقدمے میں پیش نہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے عمران خان کے توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کی تو عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر کہا کہ اُنھوں نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرر کھا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ اس کی سماعت کرے گا۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا آج ہی اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ اس کی سماعت کرے گا؟ جس پر عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس بات کا امکان ہے کہ عدالت عالیہ آج ہی اس کی سماعت کرے گی۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا جس پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اُن کے موکل عدالتوں اور اداروں کا احترام کرتے ہیں اور الیکشن کمیشن جب بھی کہے گا عمران خان پیش ہو جائیں گے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان اداروں کا احترام نہیں کرتے اگر ایسا ہوتا تو اُنھیں آج الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونا چاہیے تھا۔
اُنھوں نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اُنھیں 25 ستمبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے غیر ملکی فنڈنگ لینے کا معاملہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت اپنے روبرو پیش نہ ہونے پر عمران خان کے نہ صرف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے بلکہ اُنھیں اشتہاری بھی قرار دے چکی ہے۔










