افغانستان میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا جانا چاہیے: چین

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کے الزام کے بعد پاکستان کا ایک مرتبہ پھر دفاع کرتے ہوئے چین کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن کو فون کر کے پاکستان کے افغانستان میں 'اہم کردار' کا دفاع کیا ہے۔
چین کی وزراتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی کونسلر یانگ جائچی نے ریکس ٹلرسن کو بتایا 'ہمیں پاکستان کے افغانستان میں ادا کیے جانے والے اہم کردار کو اہمیت دینی چاہیے، پاکستان کی حاکمیت اور جائز سلامتی کے خدشات کا احترام کرنا چاہیے۔'
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یانگ جائچی کا کہنا تھا کہ بیجنگ 'افغانستان میں امن اور مصالحت کو فروغ دینے کے وعدے پر قائم ہے' اور افغانستان کے مسئلے کو حل کرنے کا واحد طریقہ 'سیاسی مذاکرات' ہیں۔
امریکہ اور چین کے سفارت کاروں کے درمیان تازہ ترین رابطہ واشنگٹن کی جانب سے چینی کمپنیوں پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کے بعد قائم ہوا ہے۔
امریکہ نے بدھ کو چینی کمپنیوں پر جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات قائم رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر پابندی عائد کی تھی جس پر بیجنگ نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ بیجنگ نے گذشتہ دو دنوں میں دوسری بار پاکستان کا دفاع کیا ہے۔
چین نے پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے معاملے پر امریکہ کی تنبیہ کے جواب میں بدھ کو پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کوششوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا کے بارے میں اپنے پہلے خطاب میں پاکستان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا 'امریکہ اب پاکستان میں دہشت گردوں کی قائم پناہ گاہوں کے معاملے پر مزید خاموش نہیں رہ سکتا۔'
صدر ٹرمپ نے پاکستان، افغانستان اور انڈیا کے بارے میں اپنی انتظامیہ کی پالیسی کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے معاملے میں امریکہ کے اہداف بالکل واضح ہیں اور وہ چاہتا ہے کہ اس خطے میں دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کا صفایا ہو۔
امریکہ کی جانب سے اس تنبیہ کے ردعمل پر چین نے کہا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں عالمی برادری کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہنا چاہیے۔
چین اقتصادی راہداری معاہدے کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور چین کے صوبے سنکیانگ کو راہداری کے ذریعے بلوچستان میں گوادر کی بندرگاہ سے منسلک کیا جا رہا ہے۔







